بلاول کا حکومت گرانے کا بیان، شیخ رشید کے دلچسپ ردعمل پر شرکاء کے قہقہے


وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ میڈیا مجھے اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو لڑانا چاہتا ہے تاہم اب ہم دونوں کے مابین صلح ہو چکی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے حالیہ بیان کہ حکومت کو ایک لات مار کر گرا دوں گا، کے حوالے سے ایک مخصوص انداز میں تالی بجاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ یہ لو اس کی لات ‘‘

وزیر ریلوے کی اس حرکت پر پریس کانفرنس میں آئے صحافی حضرات اور دیگر شرکاء کِھل کھلا کر ہنس پڑے۔

شیخ رشید نے کہا کہ شریف خاندان صرف میڈیا پر بہادری دکھاتا ہے، ان لوگوں نے حرام کا پیسا کھایا ہے اور اب ڈر رہے ہیں، شریف خاندان چاہتا ہے کہ بیرون ملک بھیج دیا جائے۔

واضح رہے کہ شیخ رشید اور بلاول بھٹو کے مابین نوک جھونک کا سلسلہ لگا رہتا ہے، کچھ دن قبل مولانا فضل الرحمٰن نے بلاول بھٹو کو اپنی شاگردی میں لینے کے حوالے سے ایک بیان دیا جس پر شیخ رشید خفا ہو گئے تھے۔

یاد رہے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو کہا گیا تھا کہ وہ مجھ سے بچ کر کھیلیں۔

ان کے اس بیان پر پیپلز پارٹی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے شیخ رشید کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مشیراطلاعات سندھ مرتضی وہاب کا ردعمل

مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ  شیخ رشید نے ہمیشہ جمہوری قوتوں کے خلاف بدزبانی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے آج عجیب حرکات کرکے اپنی اصلیت ظاہر کردی ہے، عوام نے شیخ رشید کا اصل چہرہ آج دیکھ لیا ہے۔


متعلقہ خبریں