عمران خان کو حکومت میں لانے کا اصل ایجنڈا سامنے آ گیا، مصطفٰی نواز

عمران خان کو حکومت میں لانے کا اصل ایجنڈا سامنے آ گیا، مصطفٰی نواز

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عمران خان کو حکومت میں لانے کا اصل ایجنڈا سامنے آ ہی گیا۔ 18ویں ترمیم سے گزشتہ 10 سالوں میں وفاق دیوالیہ نہیں ہوا تو اب کیسے ہو گا۔

ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی مصطفی نواز کھوکھر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی زبان پر حقیقت آ ہی گئی، اُن کا ہدف اٹھارویں ترمیم ہے۔ عمران خان اپنی معاشی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے اٹھارویں ترمیم پر الزام عائد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدترین معاشی صورتحال قومی سلامتی کے لیے بھی مسئلہ بن چکی ہے جب کہ خان صاحب بتائیں ٹیکس وصولیوں میں 450 ارب کے شاٹ فال کی ذمہ دار اٹھارویں ترمیم کیسے ہے؟

یہ بھی پڑھیں 18ویں ترمیم ریڈ لائن ہے، لانگ مارچ کیلئے تیار ہوں، بلاول

ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں مندی، کاروباری طبقے کی بدحالی کی ذمہ دار حکومت ہے نہ کہ اٹھارویں ترمیم ہے۔

ڈالر، پٹرول، بجلی، گیس، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ بھی حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے، مصطفیٰ نواز کھوکھر

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی 5 سال خیبر پختونخوا میں حکومت تھی تب تو وہ فنڈز لے کر اڑاتے رہے جب کہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران سندھ میں عالمی معیار کے اسپتال، تعلیمی ادارے اور سڑکیں بنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے علاقہ تھر میں کوئلے سے بجلی کا منصوبہ بھی سندھ حکومت کا ہی کارنامہ ہے جب کہ وزیر اعظم صرف یہ ہی بتا دیں کہ خیبر پختونخوا میں بی آر ٹی کے ناکام منصوبے کے علاوہ کیا بنایا ہے ؟

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ آمروں نے صوبائی خود مختاری چھینی تھی اور وہی کام عمران خان کرنے آئے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام برداشت نہ ہونا عمران خان کی آمرانہ سوچ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


متعلقہ خبریں