بھارت کی ایل او سی پر پھر فائرنگ، بچہ زخمی

فوٹو: فائل


بھارتی افواج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے بھمبر آزاد کشمیر میں بنڈالہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

مقامی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ بھارتی فوج کی بنڈالہ سیکٹر پر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، فائرنگ کی زد میں آ کر ایک بچہ فرحان علی شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے بھارتی افواج کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزیوں میں گزشتہ کچھ عرصے میں تیزی آئی ہے۔ دو ہفتے قبل چکوٹھی  کے مقام پر لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے دو شہری شہید اور چار زخمی ہوگئے تھے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق فائرنگ اور گولہ باری سے غلام حسین اور نوشاد بی بی شہید ہوگئے۔

زاہدہ بی بی، راجہ محمود، محمد ذاکر اور غلام محمد زخمی ہوئے۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔

دوسری جانب بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں فائرنگ کر کے شہید کیا گیا ہے، شہید ہونے والے نوجوان یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔

انتہا پسند بھارتی حکومت کی بربریت کے خلاف سری نگر اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی ہے۔ ہڑتال کی کال سری نگر کی مقامی تجارتی تعاون کمیٹی نے دی ہے۔


متعلقہ خبریں