نواز شریف نے کارکنوں کو 23مارچ کو جیل کے باہر جمع ہونے سے روک دیا

اب سب کو حساب دینا ہوگا، نواز شریف | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد:نواز شریف نے کارکنوں کو 23مارچ کو جیل کے باہر جمع ہونے سے روک دیا ہے۔ ‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کوٹ لکھپت جیل لاہور سے کارکنوں کے نام پیغام جاری کیاہے ۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی طرف سے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں نواز شریف نے کہا ہے کہ میں اپنی صحت کے حوالے سے قوم کی فکرمندی، دعاوں اور نیک تمناؤں کے لئے تہہ دل سے مشکور ہوں۔

نواز شریف نے کہا  مسلم لیگ (ن) کے ووٹر، کارکن اور چاہنے والوں نے جس طرح میرے مشکل وقت میں ثابت قدم رہ کر میرا ساتھ نبھایا اور نبھاہ رہے ہیں، اس کی شاید مثال ملنا مشکل ہے۔ میں آپ سب کی محبت و خلوص اور قربانیوں کا مقروض رہوں گا۔

انہوں نے کہا مجھے علم ہوا ہے کہ میری صحت کے حوالے سے فکرمند اور پریشان کارکن اپنے جذبات کے اظہار کے لئے اکٹھا ہونا چاہتے ہیں اورمیرے حق میں آواز اٹھانے کے لئے شاید کوئی احتجاج ترتیب دینا چاہتے ہیں۔ میں اپنے چاہنے والوں کے جذبے کی بے حد قدر کرتا ہوں۔

نواز شریف نے کہا جیل کی کوٹھری میں اللہ رب العزت پر توکل کے بعد آپ کی یہی محبت اور جذبہ مجھے حوصلہ اور تقویت دیتا ہے۔ مگر میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیں۔

نواز شریف نے کہا صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں۔ اسی لئے میں نے ملک کے قانون اور انصاف پر مسلسل اعتماد کیا ہے۔

نواز شریف نے کہا مسلم لیگ (ن) ایک ذمہ دار جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ فیصلہ سازی میں ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی یا ذاتی مفاد کو پس پشت رکھا اور عجلت سے کام نہیں لیا۔ کسی بھی طرح کا فیصلہ کرنے سے پہلے پارٹی ہائی کمان کی ہدایات، پارٹی ڈسپلن کا احترام اور پارٹی پلیٹ فارم کا استعمال ضروری ہے۔انشاءاللہ کسی بھی امتحان کی صورت میں جماعت کارکنوں کے جذبات کی ترجمانی کرے گی اور ان کی امیدوں پر پورا اترے گی۔

نواز شریف نے کارکنوں سے کہا کہ میں آپ سے التماس کرتا ہوں کہ 23 مارچ کو اپنے اپنے علاقوں میں صرف یوم پاکستان منائیں ، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں۔

یہ بھی پڑھیے:نواز شریف سے اظہار یک جہتی، ن لیگ کے کارکنوں کا جیل کے باہر جمع ہونے کا اعلان

یاد رہے کچھ دن قبل مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی تھی۔  پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے نواز شریف سے اظہار یک جہتی کے لیے سوشل میڈیا پرایک تحریک شروع کررکھی ہے ۔ کارکنوں کی طرف سے 23 مارچ کو کوٹ لکھپت جیل کے باہر جمع ہونے کا اعلان کیاگیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی طرف سے’’23مارچ نواز شریف کے ساتھ ‘‘کے عنوان سے ٹوئٹر ٹرینڈ بھی شروع کیا گیاہے ۔کارکنوں کی طرف سے اس تحریک کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اورکئی سابقہ وموجودہ پارلیمینٹرینز بھی اس کا حصہ بن گئے ہیں۔

خرم دستگیر خان ،جاوید لطیف ، مطلوب مہدی ، نہال ہاشمی ایسے رہنمائوں میں شامل ہیں جو نوجوانوں کی اس تحریک کے حامی ہیں اور اس حوالے سے ٹویٹس بھی کرررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں