کراچی: سندھ اسمبلی اجلاس جماعتوں کے درمیان ہونی والی لڑائی کے باعث ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے والے ایم ایم اے کے عبدالرشید نے اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم کے خلاف تحریک استحقاق پیش کر کے نئی تاریخ رقم کردی ہے، اپوزیشن کے اراکین مشتعل ہوئے تو پیپلز پارٹی کے اراکین ڈھال بن گئے۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی بنچوں پر براجمان ایم ایم اے کے رکن عبدالرشید نے قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کے خلاف تحریک استحقاق پیش کر کے اپوزیشن کی تقسیم پر مہر لگا دی۔
تحریک پیش ہوتے ہی قائمہ کمیٹوں کے معاملے پر احتجاج کرتی اپوزیشن سیخ پا ہوگئی، ایم کیو ایم کے محمد حسین نے سید عبدالرشید کا مائیک بند کرنے کی کوشش کی جس کے بعد پیپلز پارٹی کے اراکین نے عبدالرشید کو حفاظتی حصار میں لے لیا۔
اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے درمیان نعرے بازی میں ایک دوسرے کی قیادت کو بھی کھل کر نشانہ بنایا گیا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے شدید ہنگامہ آرائی کے دوران ہی تحریک استحقاق منظور کرلی اور اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا۔
سندھ اسمبلی میں متحدہ مجلس عمل کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید پر پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے حملے کی کوشش گئی۔ سید عبدالرشید نے اراکین کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی سے تھانے جائیں گے، ارسلان تاج راج اظہر سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: رمشا وسان کا ملزم گرفتار، سندھ اسمبلی میں ہنگامہ آرائی
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں اپوزیشن نے پھرایک بار غیر ذمےدارانہ رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔ خاص طور پر پی ٹی آئی کی جانب سے کیا گیا اقدام نہ صرف قابل مزمت ہے بلکہ ملکی حالات تقاضہ کرتے ہیں کے یک جہتی ہونی چائیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عقل کے مارے ہوئے لوگ ہیں۔ عہدوں پر پہنچ گئے ہیں لیکن احساس نہیں ہے۔ کل قومی اسمبلی میں بلاول کی تقریر پر بھی تنقید کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فردوس صاحب نے اسپیکر پر ذاتی حملہ کیا۔ بڑے سے بڑے ایوانوں میں احتجاج ہوتا ہے لیکن ذاتی حملہ نہیں ہوتا۔ آپ کو جواب دینا چائیے کے آپ کے پاس پیسے کہاں سے آرہے ہیں۔ عمران خان کی بہن تک نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔ کیا عمران خان نے علیمہ خان سے سوال کیے؟