بال اب بھارت کے کورٹ میں ہے:ڈی جی آئی ایس پی آر



راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی پائلٹ کورہا کرکے امن کا پیغام دیا، بال اب بھارت کے کورٹ میں ہے، اب بھارت پر ہے کہ وہ امن کی طرف جاتا ہے یا خطے کوغیرمستحکم کرتا ہے۔

غیر ملکی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت نے دوبارہ حالات خراب کیے تو یہ خطے کے امن کےلیے اچھا نہیں ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی خطے کا امن وابستہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں خواتین سے زیادتی کی جارہی ہے، بھارت کشمیری نوجوانوں کو پیلٹ گن سے اندھا کررہا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ریاست ایف اے ٹی ایف کے تحت اقدامات کررہی ہے۔ کالعدم تنظیموں پر پابندی ملکی مفاد میں ہے، جماعت الدعوۃ ، فلاح انسانیت فاوَنڈیشن پر پابندی کا فیصلہ جنوری میں ہوا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر2014 سے عمل جاری ہے، کچھ مالی وسائل کے باعث اس کی روح کے مطابق عمل نہیں کیا جا سکا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی ڈوزیئرکو متعلقہ وزارت دیکھ رہی ہے، وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے کہ پلوامہ واقعے میں کوئی ملوث ہوا تو کارروائی ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ سسٹم بہترہونے سے پاکستان کو ہی فائدہ ہو گا، یہ وقت اکٹھے ہونے کا ہے اب پاکستان کا بیانیہ چلے گا پاکستان کو وہاں لے کر جائیں گے جہاں اس کا حق بنتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پربھارتی جارحیت اب بھی جاری ہے، دونوں ملکوں کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ نہیں ہو سکا، مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے چوکس ہیں۔


متعلقہ خبریں