سعودی وزیر خارجہ کا دورہ ایک ہفتے کیلئے موخر

سعودی وزیر خارجہ کا دورہ ایک ہفتے کیلئے موخر | ہم نیوز

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اپنا دورہ پاکستان موخر کردیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ سعودی وزیرخارجہ کا دورہ ایک ہفتے کیلئے موخر ہوا ہے جس کی وجہ بھارتی رویہ ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ دونوں ممالک کا دورہ کرنا چاہتے ہیں تاہم بھارت کی جانب سے امن کوششوں کا مثبت جواب نہ آنے کی وجہ سے دورہ ملتوی ہوا۔

خیال رہے کہ پلوامے حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاک سرزمین پر چار بم گرائے تاہم ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دو روز بعد پاک فضائیہ نے اپنی فضائی حدود میں دو بھارتی طیارے مار گرائے جن میں سے ایک آزاد جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ جائے وقوعہ سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لیا گیا۔

گرفتاری کے اگلے ہی روز وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کردیا جسے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں بے انتہا سراہا گیا۔ یہاں تک کے ٹوئٹر پر عمران خان کو نوبیل انعام دینے تک کا ٹرینڈ چل پڑا۔

ابھی نندن کو جمعے کے روز براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔


متعلقہ خبریں