سابق بھارتی چیف جسٹس اپنے ہی ملک کے باسیوں سے نالاں

فائل:فوٹو


نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس مرکنڈے کاٹجو کا کہنا ہے پاکستانیوں نے گالیاں نہیں دیں لیکن بھارتیوں نے غدار،پاگل اور نجانے کیا کچھ کہہ دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارت کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے لکھا کہ جب میں نے پاکستان کوجعلی اور مصنوعی ملک کہا، کسی ایک پاکستانی نے بھی مجھے گالی نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ لیکن جب میں نے عمران خان کو سراہا تو درجنوں بھارتیوں نے مجھے گالیاں دیں اور بوڑھا، غدار اور پاگل کہا، حتیٰ کہ پاکستان ہجرت کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

اب خود ہی فیصلہ کرلیں کہ زیادہ باشعور بھارت ہے یا پاکستان۔

بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج اور پریس کونسل آف انڈیا کے چیئرمین مرکنڈے کاٹجو نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھارتی پائلٹ کی رہائی پر ردعمل میں لکھا تھا کہ پہلے وہ عمران خان کے ناقد تھے لیکن ان کی پرتحمل اوردانشمندانہ تقریر کے بعد عمران خان کے مداح بن گئے ہیں۔

سابق چیف جسٹس نے مزید لکھا تھا کہ وہ عمران خان کی تقریرسے بہت متاثر ہوئے ہیں، انہوں نے ہمارے لیڈروں کے برعکس اسٹیٹسمین والے تحمل اوردانش مندی کا مظاہرہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق بھارتی چیف جسٹس اپنی حکومت کو پہلے ہی جنگ سے باز رہنے کی تلقین کرچکے ہیں کہ پاکستان نہ صرف جوہری طاقت ہے بلکہ بھرپورجواب دینے کے لیے فوج بھی تیار ہے۔

مرکنڈے کاٹجو کی جانب سے اپنی حکومت کو مشورے اور وزیراعظم پاکستان کی تعریف پرسوشل میڈیا پران کے خلاف محاذ کھول دیا گیا اور کئی بھارتیوں نے ان پرمختلف الزامات لگائے اور انہیں پاکستان چلے جانے کا مشورہ دیا۔


متعلقہ خبریں