سعودی فلسفہ بڑی طاقت کی حیثیت سے ابھر رہا ہے، فواد چوہدری

سعودی فلسفہ بڑی طاقت کی حیثیت سے ابھر رہا ہے، فواد چوہدری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی فلسفہ عالم اسلام کی بڑی طاقت کی حیثیت سے ابھر رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے سعودی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں جب کہ سعودی عرب سے تعلقات اقتصادی روابط اور اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد میں شاہ فیصل مسجد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاسی کرتی ہے جب کہ وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دوروں سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کو مزید وسعت ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو تذویراتی شراکت داری میں بدل دیں۔ ہم پاکستان میں سعودی وزارت اطلاعات کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میڈیا حقیقت حال کی عکاسی کرتا ہے اگر صورت حال مثبت ہے تو میڈیا مثبت تاثر دے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب میں مثبت صورتحال ہے تو دونوں ملکوں میں مثبت صورتحال کی عکاسی ہو رہی ہے۔

فواد چوہدری مشرف کی واپسی کے حامی

سعودی ٹی وی چینل نے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی شہریوں کے لئے ہم نے ویزہ کی مخصوص سہولتیں فراہم کی ہیں۔ پاکستان میں بے شمار سیاحتی مقامات ہیں جن کو دیکھ کر اکثر لوگ سوئٹزرلینڈ کو بھی بھول جاتے ہیں۔ پاکستان میں دنیا کی بلند ترین برفانی چوٹیاں، سمندر اور قدرتی مناظر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں عرب ممالک کے لوگ یورپ جانے کے بجائے سیرو سیاحت کے لیے پاکستان کا رخ کریں۔

فواد چوہدری نے کا کہ اس سلسلے میں ایک جامع مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے ہم نے ایک مشترکہ کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے عوام شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کی تائید اور حمایت کرتے ہیں جب کہ ہم سعودی وزارت اطلاعات کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہے ہیں تاکہ اسلامی رواداری کو فروغ دیا جائے۔

انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر بنانے کا ویژن ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی رواداری، اسلامی اخوت، غریبوں کی داد رسی اور انصاف پر مبنی معاشرے کی بنیاد ڈالی تھی۔


متعلقہ خبریں