’سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر غور کرسکتے ہیں‘


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پیش آئی تو سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔

باخبر ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ انہوں نے یہ بات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اتحادیوں کے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ معاملے پر متعلقہ حکام کے ساتھ اپنے دورہ قطر کے دوران بھی مسلسل رابطے میں رہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی) کی تحقیقات کو قوم کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا جبکہ متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو پولیس اصلاحات کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

ساہیوال سانحہ

واضح رہے سانحہ ساہیوال میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے افسران و اہلکاروں نے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک خاتون اور ایک 13 سالہ بچی سمیت چار افراد کو گولیاں مارکر جاں بحق کردیا تھا۔

مبینہ پولیس مقابلے میں ایک بچہ گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے جب کہ اس کی دو کمسن بہنوں کو معمولی نوعیت کے زخم آئے۔

سانحے پر ملک بھر میں غم و غصے کا اظہار کیا گیا جس کے بعد حکومتی مشینری حرکت میں آئی۔

گزشتہ روز وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے آپریشن کو 100 فیصد درست قرار دیا تھا تاہم محکمہ انسداد دہشت گردی کے سربراہ کو معطل کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں