بیٹے پر دہشت گرد کا لیبل ہٹایا جائے، والدہ مقتول ذیشان


اسلام آباد:سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ حکومت کی کارکردگی اس بات سے جانی جاتی ہے کہ وہ بحرانوں پر کیسے قابو پاتی ہے، اس سے اس کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوتا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے کام کرنے کی رفتار سست ہے، ان لوگوں سے فیصلے نہیں ہو پا رہے، سانحہ ساہیوال کا واقعہ غلط طریقے سے سنبھالا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عثمان بزدار کو مزید وقت دینا چاہتے ہیں مگر انہوں نے کام نہیں دکھایا تو انہیں بدلا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تین لوگوں کی کارکردگی لے ڈوبے گی، اسد عمر سے معیشت نہیں سنبھالی جا رہی اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے گورننس نہیں ہو رہی جس کی مثال آئے روز ہمیں ملتی رہتی ہے۔

’سی ٹی ڈی اہلکاروں کے خلاف کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلے گا‘

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال کی تحقیقات جاری ہیں اس پر ابھی تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔ کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سانحہ کے حوالے سے بیانات سی ٹی ڈی کے لوگوں نے بدلے، حکومت نے نہیں۔ وزرا نے سی ٹی ڈی کے بیانات کی روشنی میں پریس کانفرنس کی۔

کراچی کو 40 سال قبل کی شکل میں بحال کرنا ممکن نہیں، سعید غنی

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے گا اور اس کے نیتجے میں جن لوگوں کے مکانوں اور دکانوں کو توڑنے سے قبل انہیں ایک نئی جگہ فراہم کی جائے گی جس میں وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ کراچی کو 40 سال قبل کی شکل میں بحال کیا جائے، عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کے لئے جو مشکلات ہیں انہیں بھی سامنے رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو بے گھر کیا جائے گا انہیں نئی جگہ بسانے کے لئے بجٹ نہیں ہے۔

میرے بیٹے پر دہشت گرد کا  لیبل ہٹایا جائے، والدہ مقتول ذیشان

والدہ مقتول ذیشان نے کہا ہے کہ ذیشان شروع سے کسی بھی غلط بندے کے ساتھ نہیں بیٹھتا تھا،حکومت والوں نے میرے بیٹے پر الزام لگا دیا کیوں کہ وہ جانتے تھے کہ اس کا کوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تبدیلی نے ہمارا بیڑا غرق کر دیا ہے مگر ان سے اپیل ہے کہ میرے بیٹے پر سے دہشت گرد کا  لیبل ہٹایا جائے۔

سینیٹر نعمان وزیر خٹک نے کہا کہ ہم نے پرائیویٹ سیکٹر کو اٹھانا ہے تاکہ ملک میں نئی نوکریاں پیدا ہوں اور بےروزگاری کو ختم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منی بجٹ کو اپوزیشن والے تو مخالفت کریں گے اگر ان کے پاس کوئی تجویز ہے تو دیں مگر بازاری باتیں نہ کریں۔


متعلقہ خبریں