اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک افواج اپنا دفاع کرنا جانتی ہیں، صرف باتوں سے سرجیکل اسٹرائیک نہیں ہوتی،اگر سرجیکل اسٹرائیک ہوئی ہوتی تومانتے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سےتعلقات میں سرفہرست مسئلہ کشمیر ہے، بھارتی انتخابات میں ہمیشہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن اوربھارت نے جنگ کی بات کی، بھارتی دھمکیوں سےخطے کا امن بھی اثراندازہوتا ہے اسی لیے اسلام آباد کئی باربھارت کو مذاکرات کی دعوت دےچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھمکیوں سے کبھی مسائل حل نہیں ہوں گے جبکہ بھارتی عوام بھی سرجیکل اسٹرائیک تسلیم نہیں کررہے۔
افغانستان کے بغیرپاکستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا،ڈی جی آئی ایس پی آر
افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزنے جانیں قربان کرکے امن قائم کیا لیکن افغانستان کے بغیرپاکستان میں مکمل امن قائم نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری ہیں، چاہتے ہیں امریکی فوج کے انخلا سے افغانستان میں ترقیاتی کام جاری رہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد شروع ہوئے دو سال ہوچکے ہیں۔ اس دوران 75 ہزارسے زائد انٹیلی جنس آپریشن کیے گئے اور 35 ہزارسے زائد اسلحہ برآمد ہوا جبکہ ردالفساد کے تحت ہی بارڈرمینجمنٹ کا کام جاری ہے۔
ردالفساد کا مقصد ملک میں قانون کی بالادستی ہے، آصف غفور
آپریشن رد الفساد کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ردالفساد کا مقصد ملک میں قانون کی بالادستی ہے، کے پی اور فاٹا کےعوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختون ںخوا (کے پی) اور فاٹا کےعوام نے دہشت گردی کا ڈٹ کرمقابلہ کیا اور عوام نے آئی ڈی پیز کی بھی مدد کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی کے پی اور فاٹا کےعوام کو روزگارسمیت دیگر وسائل دینے ہیں۔ فاٹا میں اسکول، کالجزاورسڑکیں بن چکی ہیں، اب نئی جنگ ترقی اوربحالی کی ہے۔ ہمیں تعلیم اورصحت کی سہولتوں کے لیے جنگ لڑنی ہے۔
میجر جنرل آئی ایس پی آر نے ملک میں دہشت گردی میں کمی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں کے باعث دہشت گردی میں کمی ہوئی تاہم ملٹری کورٹس کی مدت میں اضافے کا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملٹری کورٹس کے اب تک دو دورمکمل ہوچکے جبکہ 646 کیسزمکمل کیے گئے۔ 345 دہشت گردوں کو سزائے موت 656 کومختلف سزائیں ہوئیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ پاکستانی میڈیا کوآزادی حاصل ہے۔
سوشل میڈیا سے متعلق آگاہی کی ضرورت ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
میڈیا کے حوالے سے میجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ میڈیا کے کردارکے باعث پاک افواج کا مورال بلند ہوا، جوکام کسی قوم نے نہیں کیا وہ پاکستانی قوم نےکردکھایا۔ ہم نے دہشت گردی کی جنگ میں کامیابی حاصل کی جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے والا واحد ملک پاکستان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا بہت طاقت ورعنصر ہے تاہم اس سے متعلق بیداری اور آگاہی کی ضرورت ہے کیونکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پرملک مخالف اقدام بھی ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کےاستعمال سے متعلق آگاہی دینا ہوگی۔
پاک فوج کے فلاحی منصوبوں میں عوامی پیسہ اورزمین استعمال نہیں ہوتی، آصف غفور
میجر جنرل آصف غفور نے وضاحت کی کہ پاک فوج کے فلاحی منصوبوں میں عوامی پیسہ اورزمین استعمال نہیں ہوتی۔ ڈی ایچ اے کا بڑاحصہ شہدا کے اہل خانہ کو دیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان شہدا کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کرتی ہے، پاک فوج شہدا کے بچوں کی تعلیم اورروزگارکا بندوبست کرتی ہے، پاک فوج ملک میں ٹیکس دینے والاسب سےبڑا ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویلفیئرپراجیکٹس سےمتعلق عوام کوجلد آگاہی دیں گے، پاکستان کا دفاعی بجٹ کل بجٹ کے 18.54 فیصد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش کرتے ہیں ضروریات دفاعی بجٹ میں ہی پوری ہوں۔