ڈیسکون کو ٹھیکہ ملنا مفادات کا ٹکراو نہیں، چیئرمین واپڈا



اسلام آباد: چیئرمین واپڈا لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے بتایا ہے کہ ڈسکون کو ٹھیکہ دینا مفادات کا ٹکراؤ نہیں اور معیار کے مطابق جے وی پارٹنر کے لیے 10 بلین درکار ہوتا ہے جس پر کمپنی پورا اترتی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد کی کمپنی ڈیسکون کو ٹھیکہ دینے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ڈسکون اور چینی کمپنی چائنہ گھیزوبا ہر لحاظ سے معیار پر پورا اترتے تھے۔ بولی پیپرا کے رولز کے مطابق مکمل ہوئی اور جب یہ بڈنگ اوپن ہوئی تھی تب یہ حکومت اقتدار میں نہیں آئی تھی۔

چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا کے پاس کسی جوائنٹ وینچر کی بلڈنگ روکنے کا اختیار نہیں، ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں کہ کمپنی کس کی ملکیت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم ایک منفرد منصوبہ ہے جسے پانچ سال میں مکمل کیا جائے گا لیکن اگر فنڈز کی فراہمی، علاقے میں امن و امان کی صورتحال اور انتظامیہ کا تعاون جاری رہا تو وقت سے پہلے مکمل کر لیں گے۔

چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر سے 12 ملین ایکڑ فٹ پانی اسٹوریج ہو گا، ڈیم سے 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، 18 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوگی اور پشاور کو  پینے کیلئے صاف پانی کی سپلائی مہمند ڈیم سے کی جائے گی۔

جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے میڈیا کو بتایا کہ آئندہ دوہفتوں میں مہمند ڈیم پر کام شروع کردیا جائے گا اور ہم ادارے کی 60 اور 70والی دہائی کہ عظمت رفتہ کو بحال کریں گے۔


متعلقہ خبریں