عدم اعتماد کی تحریک لانا کوئی غلط چیز نہیں، فیصل کریم کنڈی


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جمہوریت میں عدم اعتماد کی تحریک لانا کوئی غلط چیز نہیں ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غلطیوں سے ہی سیکھا جاتا ہے، ہم تو اپنی غلطیاں مانتے ہیں، تحریک انصاف تو مانتی بھی نہیں ہے۔

احتساب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل شفاف طریقے سے ہونا چاہیئے، ہمیں اس سے مسئلہ نہیں ہے، اس کے طریقہ کار سے ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا مسئلہ یہ ہے کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھ کر بہت بڑی باتیں کرتے ہیں۔

ہر سیاسی جماعت نے سمجھوتے کیے ہیں، ندیم افضل چن

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ جس نے جتنا کھایا ہے اسے اتنا ہی حساب دینا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا کی طرف سے چند ایسی باتیں ہوئی ہیں جو نہیں ہونی چاہیئے تھیں، عمران خان اسلام آباد میں بیٹھ کر سب کو کیسے روک سکتے ہیں؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت نے کہیں نہ کہیں سمجھوتے کیے ہیں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک میں بہت زیادہ کرپشن کی ہوئی جس کی وجہ سے ملک ترقی کی راہ پر جاتے جاتے پیچھے آ گیا ہے، ملک میں کوئی ایک ادارہ بھی تسلی بخش کام نہیں کر رہا۔

حکومت نے پانچ مہنیوں میں ہی ملک کو بہت نقصان پہنچا دیا، رانا افضل 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ حکومت نے اب تک کچھ ڈلیور نہیں کیا، یہ احتساب کے نعرے پر آئے اور وہ ایک کام بھی تھیک طرح سے نہیں کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کے لیے بہت کچھ کیا ہے، ہم نے ملک سے لوڈشیدنگ کا خاتمہ کیا اور مہنگائی میں بھی کمی لائے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ حکومت صرف اپوزیشن پر تنقید کرنے میں مصروف ہے، انہوں نے ملک کو پانچ مہینے میں ہی بہت زیادہ نقصان پہنچا دیا ہے۔

رانا افضل نے کہا کہ اس ملک میں سب کا احتساب نہیں ہو گا، حکومت کی جانب سے کی جانے والی حرکتیں ملک کو تباہ کریں گی۔


متعلقہ خبریں