ہاکی ورلڈکپ شکست: ٹیم مینجر حسن سردار مستعفی

فوٹو: فائل


لاہور: ہاکی ورلڈ کپ 2018 میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سے ٹیم مینجمنٹ کےاستعفوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

ہاکی ٹیم کے کوچ توقیر ڈار کے بعد ٹیم مینیجر حسن سردار نے بھی اپنے عہدے سےاستعفی دے دیا ہے۔ اس متعلق حسن سردار کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ تک کیلئے ہاکی فیڈریشن سے معاہدہ کیا تھا، فیڈریشن میں مزید آگے کام نہیں کرنا چاہتا۔

واضح رہے کہ حسن سردار کی موجودگی میں قومی ٹیم نے ایشین گیمز، چیمپینز ٹرافی، اور ورلڈ کپ میں شکست کھائی جبکہ ایشین چیمپینز ٹرافی میں ٹیم نے بارش کے باعث بھارت کے ساتھ ٹرافی شیئرکی تھی۔

قومی ہاکی ٹیم بھارت میں جاری ورلڈ کپ 2018 میں پری کوارٹر فائنل مرحلے سے باہر ہو گئی تھی۔ ناک آؤٹ مرحلے میں قومی ٹیم کو بیلجیئم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چار مرتبہ کا ورلڈ چمپئن پاکستان اس ورلڈ کپ میں ایک میچ بھی نہ جیت سکا۔ پاکستان نے ایونٹ میں مجموعی طور پر چار میچز کھیلے، تین میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔

ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدربریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کر رکھا ہے جوورلڈکپ 2018 میں شکست اورقومی ہاکی ٹیم کے زوال کی تحقیقات کرے گا۔

پی ایچ ایف کے صدر نے تحقیقاتی کمیشن سابق اولیمپئن رشید جونئیر کی سربراہی میں قائم کیا، چار رکنی کمیشن کے دیگر ارکان میں منظور الحسن سینئر، شاہد علی خان اور ماجد بشیر شامل ہیں۔

ماجد بشیر انکوائری کمیشن کے لیگل ایڈوائزر اور سیکرٹری بھی ہوں گے، کمیشن تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات پندرہ روز میں مکمل کرے گا۔صدر پی ایچ ایف بریگیڈئیر خالد سجاد کھوکھر نے کمیشن کو مکمل اختیارات کے ساتھ تحقیقات کا مینڈیٹ دے دیا۔


متعلقہ خبریں