ہاکی ٹیم کی بدترین شکست، تحقیقاتی کمیشن قائم کر دیا گیا

صدر پی ایچ ایف نے پندرہ روز میں رپورٹ طلب کر لی

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدربریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی شکست پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا۔

ہم نیوز کے مطابق تحقیقاتی کمیشن ورلڈکپ 2018 میں شکست اورقومی  ہاکی ٹیم کے زوال کی تحقیقات کرے گا۔

پی ایچ ایف کے صدر نے تحقیقاتی کمیشن سابق اولیمپئن رشید جونئیر کی سربراہی میں قائم کیا، چار رکنی کمیشن کے دیگر ارکان میں منظور الحسن سینئر، شاہد علی خان اور ماجد بشیر شامل ہیں۔

ماجد بشیر انکوائری کمیشن کے لیگل ایڈوائزر اور سیکرٹری بھی ہوں گے، کمیشن تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات پندرہ روز میں مکمل کرے گا۔

صدر پی ایچ ایف بریگیڈئیر خالد سجاد کھوکھر نے کمیشن کو مکمل اختیارات کے ساتھ تحقیقات کا مینڈیٹ دے دیا۔

واضح رہے قومی ہاکی ٹیم بھارت میں جاری ورلڈ کپ 2018 میں پری کوارٹرفائنل مرحلے سے باہر ہو گئی تھی۔

ناک آؤٹ مرحلے میں قومی ٹیم کو بیلجیئم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چار مرتبہ کا ورلڈ چمپئن پاکستان اس ورلڈ کپ میں ایک میچ بھی نہ جیت سکا۔ پاکستان نے ایونٹ میں مجموعی طور پر چار میچز کھیلے، تین میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔


متعلقہ خبریں