ابو ظہبی ٹیسٹ،دوسرے دن کا کھیل ختم، قومی ٹیم کو برتری کےلیے 139 رنز درکار

محمد حفیظ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ بار صفر پر آوٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے

فوٹو: فائل


ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جا رہے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 274 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر تین وکتوں کے نقصان پر 137 رنز بنا سکی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنر میدان میں آئے تو خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ محمد حفیظ بغیر کوئی کھاتہ کھولے ٹم ساؤدھی کی گیند پر ٹرینٹ بولٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد حفیظ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ بار صفر پر آوٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ 

پاکستان کی دوسری وکٹ 17 کے مجموعی اسکور پر گری، جب اوپنر امام الحق نو رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کا دوسرا شکار بنے، امام الحق بھی ٹرینٹ بولٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل کھیل کےدوسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

دونوں ٹیمون کے درمیان ابوظہبی کرکٹ گراؤنڈ کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے 229 رنز سات کھلاڑی آؤٹ سے اپنی اننگ کا آغاز کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، یاسر شاہ  تین اور شاہین آفریدی اور حسن علی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پہلے روز کا کھیل

اس سے قبل کھیل کے پہلے روز کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نیوزی لینڈ کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے، ٹام لیتھم 24 کے مجموعی اسکور پر ڈیبیو بالر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔

اوپنر جیت راول نے کپتان کین ولیمسن کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 46 رنز بنائے اور ٹوٹل اسکور کو 70 تک پہنچا دیا۔ 70 رنز پر کیویز کے دو اہم کھلاڑی یاسر شاہ کی گھومتی گیند کا شکار ہو گئے۔

جیت راول 45 اور راس ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ہینری نکولس میدان میں آئے تو بغیر کوئی رنز بنائے یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور بی جے واٹلنگ کے درمیان 104 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے نیوزی لینڈ کی اننگز کو سہارا دیا۔

176 کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن 89 رنز بناکر حسن علی کی گیند کا شکار ہوئے جبکہ کالن ڈی گرینڈ ہوم 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنالیے تھے۔ بی جے واٹلنگ 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ ایک مرتبہ پھر نیوزی لینڈ کے لیے برا خواب ثابت ہوئے اور تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس علاوہ حسن علی اور ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاسر شاہ اہم ریکارڈ سے دو قدم کی دوری پر

کیویز کے خلاف پہلی وکٹ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی جب کہ دیگر تین کھلاڑیوں کو یاسر شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی جس کے بعد یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کے ریکارڈ سے دو قدم کے فاصلے پر ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 82 سال بعد تیز ترین 200 وکٹوں کے ہال آف فیم میں نام لکھوانے کے لیے یاسر شاہ کو مزید دو وکٹیں درکار ہیں۔

یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

پاک نیوزی لینڈ سیریز

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا فائنل معرکہ اب تک ایک ایک میچ سے برابر ہے۔ دونوں ٹیمیں ابو ظہبی کے میدان میں ایک دوسرے کے مقابل ہیں۔

ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش اور ون ڈے سیریز ایک ایک میچ سے برابر کرنے بعد قومی ٹیم نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں زیر کرنے کے لیے بے تاب ہے۔

پہلے میچ میں پاکستان کو چار رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے ایک اننگز اور سولہ رنز سے شاندار جیت حاصل کی۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔


متعلقہ خبریں