ابوظہبی ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے نام، یاسر کی 3 وکٹیں


ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جانے والے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نیوزی لینڈ نے 229 رنز بنالیے جبکہ اس کی سات وکٹیں گرچکی ہیں۔

کھیل کے آغاز میں کیویز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نیوزی لینڈ کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے، ٹام لیتھم 24 کے مجموعی اسکور پر ڈیبیو بالر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔

اوپنر جیت راول نے کپتان کین ولیمسن کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 46 رنز بنائے اور ٹوٹل اسکور کو 70 تک پہنچا دیا۔ 70 رنز پر کیویز کے دو اہم کھلاڑی یاسر شاہ کی گھومتی گیند کا شکار ہو گئے۔

جیت راول 45 اور راس ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ہینری نکولس میدان میں آئے تو بغیر کوئی رنز بنائے یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور بی جے واٹلنگ کے درمیان 104 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے نیوزی لینڈ کی اننگز کو سہارا دیا۔

176 کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن 89 رنز بناکر حسن علی کی گیند کا شکار ہوئے جبکہ کالن ڈی گرینڈ ہوم 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنالیے تھے۔ بی جے واٹلنگ 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ ایک مرتبہ پھر نیوزی لینڈ کے لیے برا خواب ثابت ہوئے اور تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس علاوہ حسن علی اور ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاسر شاہ اہم ریکارڈ سے دو قدم کی دوری پر

کیویز کے خلاف پہلی وکٹ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی جب کہ دیگر تین کھلاڑیوں کو یاسر شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی جس کے بعد یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کے ریکارڈ سے دو قدم کے فاصلے پر ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹوں کے ہال آف فیم میں نام لکھوانے کے لیے یاسر شاہ کو مزید دو وکٹیں درکار ہیں۔

یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

پاک نیوزی لینڈ سیریز

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا فائنل معرکہ اب تک ایک ایک میچ سے برابر ہے۔ دونوں ٹیمیں ابو ظہبی کے میدان میں ایک دوسرے کے مقابل ہیں۔

ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش اور ون ڈے سیریز ایک ایک میچ سے برابر کرنے بعد قومی ٹیم نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں زیر کرنے کے لیے بے تاب ہے۔

پہلے میچ میں پاکستان کو چار رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے ایک اننگز اور سولہ رنز سے شاندار جیت حاصل کی۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 131 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا تاہم آغاز کے کچھ دیر بعد ہی 146 رنز پر ٹام لیتھم نصف سنچری مکمل کرکے پویلین لوٹ گئے۔


متعلقہ خبریں