کراچی میں کے ڈی اے کی ٹیم پر حملہ، سات افراد گرفتار

حملے میں کے ڈی اے اہلکار شدید زخمی، اسپتال منتقل


کراچی :شہر قائد کے علا قے کورنگی مہران ٹاؤن میں قبضہ مافیا نے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کی ٹیم پر حملہ کرکے چار اہلکاروں کو زخمی کردیا جبکہ پولیس کی جانب سے کارروائی کے دوران سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کے ڈی اے ٹیم علاقے میں تجاوازت کے خاتمے کے لیے کارروائی کرنے آئی تھی لیکن قبضہ مافیا کے حملے کا شکار ہو گئی۔

مہران ٹاون میں قبضہ مافیا کے کارندوں کی ہنگامہ آرائی بھی کی گئی جس کے دوران ایک ورکشاپ پر دھاوا بول دیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق قبضہ مافیا کے کارندوں نے چار موٹر سائیکلوں اور اسٹیٹ ایجنسی کو بھی آگ لگادی۔

ورکشاپ میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے گئے جبکہ پوری ورکشاپ کو بھی آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔

کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق فائرنگ کے باعث تجاوزات کے خلاف آپریشن روک دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حملے کے دوران شدید ہوائی فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ کے ڈی اے کی ٹیم کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ  کورنگی مہران ٹاون میں چار چار سو گز کے چھ سرکاری پلاٹس پر ناجائز قبضہ ختم کرانے پہنچی اور انہیں قبضہ مافیا کی جانب سے شدید مذاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

قبضہ مافیا نے کے ڈی اے کی ٹیم پر پتھروں اور ڈنڈوں کی بارش کردی جس کے نیتجے میں کے ڈی اے کے چار اہلکار شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کر دیا گیا جبکہ قابضین کے پتھرائو سے مشینری کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری صورتحال پر قابو پانے کے لیے مہران ٹاون پہنچی اور لاٹھی چارج کرتے ہوئے10سے زائد افراد کو حراست میں لےلیا۔

اُدھر آئی جی سندھ نے بھی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیتےہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کے ڈی اے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان کو گرایا تھاتاہم قابضین نے توڑے گئے مکان کی دوبارہ تعمیر کرالی تھی۔

ملک بھر میں حکومت کی جانب سے تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

ایک بڑی کارروائی کے دوران کراچی  ایمپریس مارکیٹ کے اطراف قائم دکانوں کو مسمار کیا گیا  جس سے اس تاریخی مارکیٹ کا حسن واپس لوٹ آیا جبکہ ابھی بھی شہر کے دیگر علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن جاری ہے۔


متعلقہ خبریں