احتجاج کا تیسرا روز: تعلیمی ادارے بند، ٹرینوں کی آمدورفت متاثر

مظاہرین سے مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا، فواد چوہدری

فوٹو: رائٹرز


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے خلاف تیسرے روز بھی مذہبی جماعتوں کا احتجاج جاری ہے اور وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مظاہرین سے مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا۔

وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں ہے، ریاست عوام کی جان اور آزادی کا تحفظ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم تشدد سے گریز کررہے ہیں اور آخری لمحے تک ہمارا آپشن معاملے کا پرامن حل ہے۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مظاہرین سے مذاکرات ابھی تک جاری ہیں اور وزیر مذہبی امور نورالحق قادری آج مذاکرات کا ایک اور دور کریں گے۔

توہین رسالت کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف مذہبی جماعتوں کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہے اور وفاقی دارالحکومت کی کئی اہم شاہراہیں آمدورفت کے لیے بند ہیں تاہم کراچی میں مرزا آدم خان روڈ، پی آئی ڈی سی چوک، ملیر اور مرغی خانہ روڈ ٹریفک کےلیے کھول دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق مظاہروں کے باعث ریڈیو پاکستان نیشنل ہائی وے روڈ ٹریفک کےلیےبند ہے عوام متبادل راستہ اختیار کریں۔

ٹرینوں کی صورتحال

مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے سبب ملک بھر میں ٹرینوں کی آمدورفت شدید متاثر ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور کوئٹہ سے دو طرفہ ٹرینوں کا چلنا مشکل ہوگیا ہے۔

احتجاج کے تیسرے روز کئی شہروں سے گاڑیاں روانہ نہیں ہو سکی ہیں اور منزل پر پہنچنے والی گاڑیاں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

ٹریفک کی صورتحال

موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے M1  پشاور سےاسلام آباد۔M2 اسلام آباد سے لاھور۔M3 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد۔ M4 فیصل آباد سے گوجرہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے جبکہ M2  ہرن مینار سے سیال موڑ اور  M1 اسلام آباد سے پشاور ٹریفک کا داخلہ جاری ہے۔

ہائی وے پر گجرخان کے مقام پر راولپنڈی جانے والی ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کیا گیا ہے اورلاہور جانےوالی ٹریفک بھی بحال ہے۔

ٹریفک پولیس کےمطابق کامونکی سے راولپنڈی جانے والی ٹریفک بحال ہے جب کہ لاہور جانے والی بلاک ہے۔

ہائی وے پر ٹیکسلا، سوہاوہ، دینہ، سرائے عالمگیر، گجرات، چن دا قلعہ، مریدکے، نتھے خالصا، کلمہ چوک، پکا میل، چونگ، مولن وال، لوہاراںوالہ کھو اور سندر کے مقامات پر ٹریفک بلاک ہے۔

ملتان کی جانب جانے اور آنے والی ٹریفک کو جمبر میں جمبر موڑ اور بھٹی چوک جبکہ رینالہ خورد میں جاوید نگر، اختر آباد اور دیپالپور انٹرچینج کے مقامات پر متبادل راستہ فراہم کیا گیا ہے۔

دوران سفرکسی بھی قسم کی مدد اور راہنمائی کیلئے موٹروے پولیس ہیلپ لائین 130 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

موبائل سروس بند

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ دارالحکومت سمیت ملک کے متعدد شہروں میں موبائل سروس صبح آٹھ بجے سے شام تک معطل رہے گی۔ موبائل سروس اور اہم شاہراہیں بند ہونے کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تعلیمی ادارے بند

لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے آج دوسرے روز بھی بند ہیں۔ سرکاری اور غیر سرکاری اسکولز میں محکمہ تعلیم کی طرف سے چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

صوبہ پنجاب کے سرکاری اور غیر سرکاری کالجز اور یونیورسٹیاں بھی بند رہیں گی۔ صوبے بھر میں منسوخ ہونے والے پرچہ جات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پنجاب تعلیمی بورڈز کے تحت آج ہونے والے انٹرمیڈیٹ سپلیمنٹری کے پرچے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں قائداعظم یونیورسٹی، کامسیٹس یونیورسٹی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور نمل یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

پروازیں متاثر

ملک بھر میں جاری ہڑتال اور دھرنوں کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوگیا ہے۔ پی آئی اے سمیت نجی ایئر لائنز سےاندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

پی آئی اے کی اندرون و بیرون ملک کی 14 پروازیں منسوخ اور متعدد تاخیر کا شکار ہوئیں۔

پی آئی اے کی لاہور اسلام آباد، ملتان، رحیم یارخان، فیصل آباد، چترال، سیالکوٹ، کوالالمپور اور جدہ کی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

نجی فضائی کمپنی ایئر بلیو کی کراچی سے اسلام آباد کی چار جبکہ ابو ظہبی کی ایک پروازمنسوخ کی گئی.

ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسافر بیرون ملک پرواز کے لیے پانچ جبکہ اندرون ملک جانے والے مسافر چار گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچیں۔


متعلقہ خبریں