اسلام آباد: وفاقی وزارت تعلیم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے دس اراکین کی تعیناتی کا نوٹفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹفکیشن کے مطابق جن افسروں کو تعینات کیا گیا ہے ان میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اصغر، ڈاکٹر نوید اے ملک، آصف ممتاز سکھیرا، ڈاکٹر بھوانی شنکر چودھری، ڈاکٹر جاوید اقبال، انجینئر احمد فاروق بازئی، شہناز وزیر علی اور ڈاکٹر فیصل باری شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کمیشن کے ان ارکان کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم اور پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے ان تعیناتیوں کا رسمی اعلان کیا۔
ان اراکین کی تعیناتی کا مسئلہ گذشتہ دور حکومت سے ہی چل رہا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو بار بار اس طرف توجہ دلائی گئی تھی لیکن انہوں نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا جس کے باعث یہ اہم تعیناتیاں طویل عرصہ سے تعطل کا شکار تھیں۔