پنجاب کابینہ کے مزید 12 وزراء نے حلف اٹھا لیا



لاہور: پنجاب کی صوبائی کابینہ میں نئے شامل کیے گئے مزید 12 وزراء نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران حلف اٹھا لیا۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب کابینہ میں مزید توسیع کے تحت حلف اٹھانے والے وزراء سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے حلف لیا۔

نئے وزرا میں پیرسید سعید الحسن شاہ، مہر محمد اسلم بھروانہ، سید حسین جہانیاں گردیزی، محمد اجمل، محمد اخلاق شامل ہیں۔

پنجاب میں تحریک انصاف کی اتحادی حکومت کی کابینہ کا حصہ بننے والوں میں آشفہ ریاض، شوکت لالیکا، زوار حسین وڑائچ اور اعجاز مسیح بھی شامل ہیں۔

12 ستمبر کو حلف اٹھانے والے نئے وزراء میں محمد اختر، محمد خالد محمود اور جہانزیب کھچی شامل تھے۔

گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد کی گئی تقریب میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزرا اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

12 نئے وزراء کی شمولیت کے بعد صوبائی کابینہ کی تعداد بڑھ کر 35 ہو چکی ہے۔ پنجاب میں نئی حکومت بننے کے بعد 27 اگست کو 23 رکنی صوبائی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا۔


متعلقہ خبریں