بنوں: جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک پر ناجائز حکومت کر رہی ہے اور عمران خان جعلی وزیراعظم ہے۔
منڈان پارک بنوں میں جے یوآئی کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا ایک ہی موقف ہے کہ حالیہ عام انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی ہے اور یہ الیکشن نہیں سلیکشن تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بمشکل چار ووٹوں سے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعہ جمعہ آٹھ دن نہیں ہوئے اورعمران خان کی حکومت نے غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا ہے۔ کچھ تو خدا کا خوف کریں جن کے منہ سے شراب کی بدبو آتی ہو وہ ریاست مدینہ کا نظام ملک میں کیسے رائج کریں گے؟
انہوں نے کہا کہ اب جنگ میدان میں ہوگی، ہم کسی کے سامنے سر نیچا نہیں کریں گے اورنئی نسل کو دین کا راستہ دکھائیں گے، مغرب کے لئے کام کرنے والے کو عمران خان نے ملک کی معیشت کا اقتصادی مشیر بنا دیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان اور ان کی حکومت کی طرف سے علمائے کرام کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، نااہل وزیر اعظم اس وقت دو کیسوں میں پھنسا ہوا ہے جن میں ایک سیتا وائٹ اور دوسرا یہودیوں سے فنڈز لینے کا معاملہ ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں ایک نہیں دو دو قانون چل رہے ہیں، دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں دہشت گردی کے ٹھکانے نہیں۔