سی ڈی اے میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے


اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) میں بڑے پیمانے پر کیے جانے والی تقرریوں اور تبادلوں کے دوران کئی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹرز کے تبادلے کر دیے گئے ہیں۔

تبادلوں اور تقرریوں کا ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ (ایچ آر ڈی) نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سید صفدرعلی کو پبلک ریلیشن کا اضافی چارج سونپ دیا گیا جبکہ ڈائریکٹر اسٹرکچر عمر فاروق کو ڈائریکٹر اسپیشل پراجیکٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح ڈپٹی ڈائریکٹر اربن پلاننگ اعجاز احمد کو ڈائریکٹر ہاؤسنگ سوسائٹیز تعینات اور ڈائریکٹر ہاؤسنگ سوسائٹیز فراز ملک کو ڈائریکٹر اربن پلاننگ کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

سی ڈی اے میں ہونے والی اس اکھاڑ پچھاڑ میں تقرری کے منتظر ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر خورشید کو  ڈائریکٹر ایڈمن تعینات جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر مینٹیننس محمد طاہر کو ڈپٹی ڈائریکٹر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹنٹ ڈائریکٹر ایوان صدر طارق احمد کا تبادلہ بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آتے ہی اعلیٰ سطح پربیوروکریسی میں تقرریاں اور تبادلے شروع کر دیے ہیں، سی ڈی اے میں ہونے والی اکھاڑ پچھاڑ بھی اسی سلسلے کے ایک کڑی ہے۔


متعلقہ خبریں