الیکشن سے پہلے ہی سیلیکشن ہوگئی تھی، سراج الحق

الیکشن سے پہلے ہی سیلیکشن ہوگئی تھی، سراج الحق|humnews.pk

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ انتخابات کیسے ہوئے ساری دنیا جانتی ہے کیونکہ الیکشن سے پہلے ہی سیلیکشن ہوگئی تھی۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں جماعت اسلامی کے 77ویں یوم تاسیس پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا اندازہ تھا مگر ہم نے جمہوری رویہ اپناتے ہوئے الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ناکام ہوگئیں اسی لیے آج حکومت میں وہی لوگ بیٹھے ہیں جو کل سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھی تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے اور ہم نے ہر صورت اس پاکستان کو اسلامی پاکستان بنانا ہے، ہم اسی کے لیے متحد ہیں۔ ہمارا مشن خون کے آخری قطرے تک جاری رہے گا۔

سراج الحق نے کہا کہ دین مسجد تک محدود ہونے کا نام نہیں کیونکہ اسلام مکمل زندگی گزارنے کا نظام دیتا ہے اور اسی بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ہی نجات کا راستہ ہے۔


متعلقہ خبریں