15 ستمبر سے 2 نئی ٹرینیں چلیں گی، شیخ رشید

فوٹو: فائل


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اگلے ماہ کی 15 تاریخ سے مزید 2 نئی ٹرینیں چلانے اور 30 ریلوے اسٹیشن اپ گریڈ کرنے کا اعلان کر دیا۔

شیخ رشید نے لاہور میں ریلوے ہیڈکوارٹر میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال ریلوے کو خسارے سے نکالنے کا عزم کر رکھا ہے۔ شیخ رشید نے اعلان کیا کہ 2 نئی ٹرینیں راولپنڈی تا لاہور اور کندیاں تا راولپنڈی چلائی جائیں گی۔

شیخ رشید نے ریلوے کے ملازمین کے لیے 10 ہزار گھر بنانے کا بھی اعلان کیا جبکہ محکمے کی آمدن بڑھانے کے لیے ریلوے اراضی پر کمرشل پلازے بھی بنانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کو 40 ارب روپے سالانہ خسارے کا سامنا ہے تاہم رواں سال میں 10 ارب تک کا خسارہ ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ تقریباً 600 سے زائد کوچز خراب کھڑی ہیں، انہیں مرمت کروا کے استعمال میں لائیں گے۔ اس کے علاوہ 14 ہزار نئے پُل بنانے اور مسافروں کو فری وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ان کا کسی سے کوئی مفاد ہے اور نہ ہی کسی سے محبت، وہ صرف کام چاہتے ہیں۔ نیب میں جتنے بھی مقدمات ہیں ان پرتعاون کیاجائے گا۔


متعلقہ خبریں