پنجاب کابینہ کا فیصلہ ہوگیا

پنجاب اسمبلی: اضافی نفری تعینات، واٹر کینن پہنچ گئی، پولیس وینز آگئیں، تیاریاں مکمل

لاہور: نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق اراکین کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ  پنجاب  کابینہ کے حوالے سے نامزد گورنر چوہدری سرور، عبدالعلیم خان، میاں محمود الرشید کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے ۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پنجاب کابینہ میں سینئر وزیر کا فیصلہ وزیراعظم پاکستان عمران خان خود کریں گے۔  ان کا کہنا تھا کہ عبدالعلیم خان اور میاں محمود الرشید دونو ں سینئر وزیر ہوں گے اور یا کوئی بھی نہیں ہو گا۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ چند دن قبل فیصلہ کیا گیا تھا کہ پہلے مرحلے میں آٹھ سے دس رکنی کابینہ بنائی جائے گی لیکن اب فیصلہ کیا گیا  ہے کہ پہلے ہی مرحلے میں 15 سے 20 رکنی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پارٹی نے پنجاب کابینہ کے ارکان کے نام فائنل کر لیے ہیں اور آئندہ ایک سے دو دن میں باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ لاہور سےعبدالعلیم خان، میاں محمودالرشید، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر یاسمین راشد، اور ڈاکٹر مراد راس وزارت کے منصب سنبھالیں گے۔

ذرائع کے مطابق  وہاڑی سے جہانزیب کھچی، فیصل آباد سے اجمل چیمہ، جھنگ سے فیصل جبوآنہ اور  تیمور بھٹی، چکوال سے حافظ عماریاسر اور راجہ یاسر ہمایوں، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آشفہ ریاض، رحیم یارخان سے ہاشم جواں بخت، راوالپنڈی سے راجہ بشارت اور فیاض الحسن چوہان اور  ڈیرہ غازی خاں سے محسن لغاری وزیر ہوں گے۔


متعلقہ خبریں