بھارتی سرکار میرے دورہ پاکستان سے فائدہ اٹھائے، سدھو


دہلی: سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ  سدھو نے بھارتی سرکار اورحکام کو تجویز پیش کی ہےکہ پاکستان میں میرے گرمجوشی سے کیے گئے استقبال کا فائدہ اٹھائیں اورامن کی بات چیت کو آگے بڑھائیں۔

پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد بھارت پہنچنے والے نوجوت سنگھ نے بھارتی ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت میں کہا کہ میں نے پاک فوج کے سربراہ سے کہا کہ ہوں تو میں کرکٹر لیکن بننا چاہتا تھا جنرل تو جواب میں پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وہ ہیں تو جنرل مگر بننا چاہتے تھے کرکٹر۔

بھارتی پنجاب کی سیاست میں سرگرم کردار ادا کرنے والے سدھو نے دوران گفتگو سوال کیا کہ پاکستان کے ساتھ خیرسگالی نہیں چاہتے تو بھارتی ہائی کمشنر نے عمران خان کو کرکٹ بلا تحفے میں کیوں دیا؟ انہوں نے استفسار کیا کہ خیرسگالی نہیں چاہتےتوپاکستان میں بھارتی سفارتخانہ کیوں ہے؟

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب گرمجوشی سے ملے اور کہا کہ ’’ سدھو صاحب! تاڈا سواگت ہے۔

بھارتی چینلوں کے لافٹر شوز میں عرصے سے جج کے فرائض سرانجام دینے والے سدھو نے دعویٰ کیا کہ دورہ پاکستان سے میرا یقین پختہ ہوا ہے کہ پاک بھارت تعلقات بہتر کیے جا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں