اسلام آباد: پاکستان میں پانی کا سب سے بڑا ذخیرہ تربیلا ڈیم پانی سے مکمل بھر لیا گیا ہے۔ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے باقاعدہ تصدیق بھی کر دی ہے۔
ترجمان واپڈا کی جانب سے سامنے آنے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم مکمل طور پر بھر لیا گیا ہے، ڈیم میں اِس وقت پانی کی سطح 1550 فٹ ہے۔
واپڈا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 1550فٹ ہے۔ ڈیم میں موجود قابل استعمال پانی کی مقدار بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تربیلا جھیل میں اِس وقت قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 6.047 ملین ایکڑ فٹ ہے۔
ترجمان واپڈا نے تصدیق کی ہے کہ تربیلا جھیل میں قابلِ استعمال پانی ذخیرہ کرنے کی زیادہ سے زیادہ حد 6.047ملین ایکڑ فٹ ہے۔
دریں اثناء ایک اور اہم آبی ذخیرے منگلا ڈیم میں پانی کی صورتحال تسلی بخش سطح پر ہے۔ پیر کے روز جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 29 ہزار 297 کیوسک جب کہ اخراج 10 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
منگلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1170 اعشاریہ 75 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ روز اپنے پہلی نشریاتی خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے بھی ملک کو پانی کے متعلق درپیش صورتحال کا خاص ذکر کیا تھا ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر کم از کم ایک ڈیم تعمیر کرنا ہو گا۔ بھاشا ڈیم کا نام لیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں سے ڈیم کی تعمیر کے لیے عطیات جمع کریں گے۔
عالمی سطح پر ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب جو ملک زیادہ متاثر ہیں پاکستان ان میں شامل اور خطرے کا شکار ملکوں میں ساتویں نمبر پر موجود ہے۔