فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اورجدید تربیت پرتوجہ ناگزیر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ کیا، جہاں انہیں ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور جدید جنگی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔
جی او سی ایس ایس جی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ فیلڈ مارشل نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایس ایس جی کے جدید ترین خصوصی آلات کی نمائش دیکھی اور خصوصی آپریشنز سمیت جنگی مہارتوں کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کو سراہا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری ناگزیر ہے۔ جبکہ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور جدید تربیت پر خصوصی توجہ ناگزیر ہے۔



