بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو نے تصدیق کی ہے کہ بلوچستان کی رکن اسمبلی اور صوبائی وزیر کھیل مینا مجید کے بھائی اورنگزیب مجید کو ضلع کیچ سے مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا کہ اورنگزیب مجید کے اغوا کی اطلاعات سامنے آئی ہیں تاہم انہوں نے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ذرائع کے مطابق اورنگزیب مجید کو ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں بلوچ آباد سے اغوا کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوارچار نامعلوم مسلح افراد انہیں اسلحے کے زور پراپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق اغوا میں ملوث افراد کی شناخت اورواقعے کے ممکنہ محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے جبکہ واقعے سے متعلق پولیس کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پردستیاب نہیں تھی۔
اسی پریس کانفرنس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات نے بتایا کہ صوبے بھر میں دہشت گردی کے خلاف مختلف نوعیت کی 60 ہزارسے زائد کارروائیاں کی جاچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے لیے 14 ارب روپے خرچ کیے ہیں جبکہ گزشتہ دو برس کے دوران 18 نئے قوانین کی منظوری دی گئی اور 17 نئے محکمے قائم کیے گئے۔
حمزہ شفقات کے مطابق صوبے کی بڑی شاہراہوں پرسیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری ہے، حکومت کا ہدف ہے کہ آئندہ تین سے چارماہ میں کوئٹہ کراچی اور کوئٹہ تفتان شاہراہوں کو محفوظ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہوں پر سیکیورٹی بہتر بنانے کے اقدامات جاری ہیں تاکہ شہریوں کی آمدورفت محفوظ بنائی جاسکے تاہم اورنگزیب مجید کے اغوا کے واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔



