لاہور: پاکستان کے اسٹار اسپنر ابرار احمد پہلی بارانٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں عالمی نمبر ایک بولر بن گئے، انہوں نے افغانستان کے معروف اسپنر راشد خان کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
آئی سی سی کے مطابق ابراراحمد کی شاندار کارکردگی کے باعث انہیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی تازہ عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن ملی ہے۔
قومی ٹیم کے اسپنر نے رواں سال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مستقل مزاج کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 میچز میں 15 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریزمیں بھی ابراراحمد نے اپنی بولنگ سے نمایاں کارکردگی دکھائی، تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں انہوں نے مجموعی طور پر6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جس نے ان کی رینکنگ میں بہتری میں اہم کردارادا کیا۔
ابرار احمد ون ڈے انٹرنیشنل بولنگ رینکنگ میں بھی دوسری پوزیشن پرموجود ہیں، یوں وہ دونوں محدود اوورز کے فارمیٹس میں عالمی سطح پرنمایاں مقام رکھنے والے پاکستانی بولربن گئے ہیں۔
عالمی نمبر ایک بننے پرابراراحمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملنے کے بعد ان کا خواب تھا کہ وہ ایک دن عالمی نمبرایک بولربنیں، جسے حاصل کرنا ان کیلئے باعث فخر ہے۔
قومی اسپنرنے کہا کہ مستقل مزاجی کے ساتھ محنت نے ان کی بولنگ میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے، انہوں نے اس کامیابی کو اپنی محنت اورکارکردگی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ابرار احمد نے کہا کہ اب ان کا ہدف ایشین گیمز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنا ہے۔
ابراراحمد کے ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں عالمی نمبر ایک بننے کو پاکستانی کرکٹ کیلئے بھی اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ابراراحمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اورشاہد آفریدی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔



