مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ جو ساتھ نہیں دے گا وہ ہماری ٹیم کا حصہ نہیں رہ سکتا، گورننس کے لیے پیسوں کی نہیں بلکہ رویئے اور انداز بدلنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں تعلیمی پیکج 2026 سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تعلیمی پیکج 2026 کا جائزہ لینے کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی، جبکہ کابینہ کو آسان کاروبار ایکٹ 2026 پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کے لیے آسانیاں پیدا کر کے ان کا اعتماد بحال کرنا ہے، کابینہ اور بیوروکریسی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ جبکہ عوام کی نمائندگی سیاسی لوگوں سے بہتر کوئی نہیں کرسکتا۔
افتخار گیلانی نے تمام محکموں کو تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ قانون کے مطابق رولز میں ترمیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تھرڈ پارٹی کے ذریعے صرف اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں گی۔
انہوں نے شکایات پورٹل فعال ہونے تک وزیراعظم آفس میں شکایات ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ گورننس کے لیے پیسوں کی نہیں بلکہ رویئے اور انداز بدلنے کی ضرورت ہے۔ جو ساتھ نہیں دے گا وہ ہماری ٹیم کا حصہ نہیں رہ سکتا۔ اور ہم نے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کے ویژن کے مطابق کام کرنا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے عوام کی زمینوں سمیت دیگر معاملات فوری طور پر حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔



