بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان علیحدگی کی خبروں نے نیا رخ اختیار کرلیا، سنیتانے شوہر کے خلاف دائر کیا گیا طلاق کا کیس واپس لے لیا۔
یاد رہے گووندا اور سنیتا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی اور دونوں کے دو بچے، بیٹی ٹینا آہوجا اور بیٹا یش وردھن آہوجا ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنیتا آہوجا اپنے بیٹے یش وردھن آہوجا کے ہمراہ ممبئی کی باندرہ فیملی کورٹ پہنچیں، جہاں ان کی موجودگی نے ایک بار پھر دونوں کی ازدواجی زندگی سے متعلق قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔
عدالت سے باہر نکلتے ہوئے پاپارازی نے جب سنیتا سے وہاں آنے کی وجہ دریافت کی تو انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ وہ ’’سالگرہ منانے آئی تھیں‘‘۔
View this post on Instagram
سنیتا کی عدالت آمد کے بعد گووندا کے منیجر ششی سنہا نے جوڑے کے درمیان اختلافات سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی کہ سنیتا نے طلاق کا کیس واپس لے لیا ہے۔
ششی سنہا نے بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز سٹی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ پریشان کیوں ہو رہے ہیں؟سنیتاجی نے اپنا کیس واپس لے لیا ہے، یہ تو خوش ہونے کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت کے باہر سنیتا کو غصے میں دیکھ کر لوگوں نے سمجھا ہوگا کہ کوئی مسئلہ پیدا ہوگیا ہے، تاہم اب دونوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے۔
View this post on Instagram
رپورٹس کے مطابق سنیتا نے مبینہ طور پر 5 دسمبر 2024 کو باندرہ فیملی کورٹ میں ہندو میرج ایکٹ 1955 کے تحت طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں مبینہ طور پر بے وفائی، ذہنی اذیت اور ترکِ تعلق جیسے الزامات کا ذکر کیا گیا تھا۔
گزشتہ کئی ماہ سے گووندا اور سنیتا کے درمیان اختلافات کی خبریں بھارتی میڈیا میں زیر گردش تھیں، تاہم طلاق کیس واپس لیے جانے کے بعد جوڑے کے رشتے کے حوالے سے صورتحال میں مثبت تبدیلی سامنے آئی ہے۔
