اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے آفس کا افتتاح کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن اور ان کی ٹیم کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گوگل کے لیے ایک اہم اور خوبصورت نئے سفر کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوگل دنیا بھر میں معروف ٹیکنالوجی کمپنی ہے اور پاکستان میں گوگل کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ گوگل پاکستان میں نوجوانوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif inaugurates the office of Google Pakistan. Islamabad, 18 August, 2026. pic.twitter.com/mzznmumC9S
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) August 18, 2026
گوگل کے نائب صدر ولسن نے کہا کہ گوگل پاکستان کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔ اور پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزہ فاطمہ نے کہا کہ گوگل کا پاکستان میں مقامی دفتر، ملک میں ڈجیٹل تبدیلی کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ اور گوگل کی پاکستان میں آمد ڈیجیٹل معیشت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوگل کے مقامی دفتر کا قیام وزیر اعظم کے ‘ڈجیٹل نیشن پاکستان’ وژن کا عکاس ہے اور حکومت پاکستان صلاحیتوں کو عالمی مواقع سے جوڑنے کے لیے کوشاں ہے۔ ڈجیٹل تبدیلی سے نوجوانوں، خواتین اور اسٹارٹ اپس کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ ڈیجیٹل مہارتوں، آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی)، کلاؤڈ ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔ جبکہ پاکستان میں مقامی طور پر تیار کردہ کروم بکس کی علاقائی ممالک میں برآمدات کی حوصلہ افزائی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ گوگل اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی لیڈرز کے تعاون سے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: حج انتظامات بروقت مکمل کرکے عازمین کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، وزیراعظم
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ نے اعلان کیا تھا کہ گوگل نے پاکستان میں اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا ہے اور جلد پاکستان میں ان کا دفتر کھل جائے گا۔
