مری: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت مری میں آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے 3 نام شارٹ لسٹ کرلیے گئے ہیں، جبکہ وزیراعظم کے حتمی انتخاب کا اختیار نواز شریف کو دے دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر اور طارق فاروق سمیت تین نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کے نومنتخب ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی، جن کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے آئندہ مرحلے اور دیگر اہم سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔
قائد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس pic.twitter.com/2oFyi5PyYh
— Sher Afgan (@Rajasherafgan) August 15, 2026
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت مسلم لیگ (ن) کی اہم قیادت شریک ہوئی۔
رانا ثنا اللہ، پرویز رشید، امیر مقام، احسن اقبال، محمد صفدر، طارق فضل چوہدری، انوشہ رحمان اور طلال چوہدری بھی اجلاس میں موجود تھے۔ آزاد کشمیر سے شاہ غلام قادر، راجا فاروق حیدر اور نومنتخب ارکان اسمبلی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف اپنی رہائش گاہ روانہ ہوگئے، جبکہ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کشمیر پوائنٹ روانہ ہوگئے۔
نواز شریف، مریم نواز اور دیگر اہم شخصیات کی نقل و حرکت کے باعث مری کے مختلف اہم روٹس پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، لیگی قیادت نے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور اہم سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر نے مخصوص نشستوں کے امیدواروں کی مجوزہ فہرست پارٹی قائد نواز شریف کو ارسال کردی۔
ذرائع کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے ماریہ اقبال، ناصرہ خان، مریم کشمیری، نثارہ عباسی اور سحرش قمر کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے راجا شاداب سکندر جبکہ علما و مشائخ کی نشست کے لیے پیر مظہر سعید کا نام سامنے آیا ہے۔
اوورسیز کی مخصوص نشست کے لیے راجا محمد جاوید کا نام فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔
سابق فوجیوں کا تجربہ، رہنمائی اور مسلسل رابطہ پاک فوج کا قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے، فیلڈ مارشل
ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف دیں گے، جس کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے اگلے مرحلے کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔
