الیکشن کمیشن نے الیکشن رولز 2017 کی اہم شق میں ترمیم کا مسودہ جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن رولز 2017 کی ایک اہم شق میں ترمیم کا مجوزہ مسودہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اراکین اسمبلی کے اثاثوں اور واجبات کے گوشواروں میں کسی بھی ابہام کی صورت میں وضاحت طلب کرنے کے اختیارات کو مزید مؤثر بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مجوزہ ترمیم کے تحت اگر کسی رکن اسمبلی کے جمع کرائے گئے گوشواروں میں کوئی ابہام یا تضاد پایا گیا تو کمیشن متعلقہ رکن سے وضاحت طلب کر سکے گا۔
اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر متعلقہ مالیاتی اداروں سے بھی معلومات اور وضاحت طلب کی جا سکے گی جبکہ مالیاتی ادارے مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ مجوزہ ترمیم الیکشن رولز 2017 کے رول 137 میں نئی ذیلی شق شامل کرنے کی صورت میں پیش کی گئی ہے۔
کمیشن نے مجوزہ ترمیم پر عوام، متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے 15 اگست تک اعتراضات اور تجاویز طلب کر لی ہیں، الیکشن کمیشن موصول ہونے والی آراء اور اعتراضات کی روشنی میں سماعت کے بعد ترمیم سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گا۔
نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
الیکشن کمیشن کے اس اقدام کو انتخابی شفافیت اور اثاثوں کی جانچ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
