بھارت کے تجربہ کار بلے باز اور سابق ٹیسٹ کپتان اجنکیا رہانے نے بین الاقوامی کرکٹ سمیت ہر طرز کی پیشہ ورانہ کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے جذباتی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک اب کھیل کو خیرباد کہنے کا یہی درست وقت ہے۔
View this post on Instagram
اپنے ویڈیو پیغام میں اجنکیا رہانے نے کہا کہ وہ ہمیشہ بیٹنگ میں درست وقت کی اہمیت پر یقین رکھتے تھے اور اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے اعلان کا بھی یہی بہترین وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈومبیولی سے ایک نوجوان کھلاڑی کی حیثیت سے سفر شروع کیا، ہر دن صرف ایک خواب دیکھا کہ بھارت کی نمائندگی کرنی ہے اور ہمیشہ ملک اور ٹیم کو اپنی ذات پر ترجیح دی۔
انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ گزشتہ دو دہائیوں میں غیر معمولی ترقی کر چکی ہے اور وہ اس سفر کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اگرچہ بطور بھارتی کرکٹر ان کا باب بند ہو رہا ہے، تاہم کرکٹ سے ان کا رشتہ ختم نہیں ہوگا بلکہ وہ مستقبل میں نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کریں گے اور اپنے تجربات نئی نسل تک منتقل کریں گے۔
اجنکیا رہانے نے اپنے پیغام میں بھارتی کرکٹ بورڈ، ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن، اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، آئی پی ایل فرنچائزز، اہل خانہ اور مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ شائقین کی محبت اور حمایت ہمیشہ ان کے لیے سب سے بڑی طاقت رہی۔
نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور معروف بلے باز کین ولیمسن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
رہانے اس وقت برطانیہ میں موجود ہیں، جہاں وہ دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ کے دوران کمنٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو بھی آئندہ سیزن کے لیے نئے کپتان کی تلاش کرنا ہوگی۔
کیرئیر پر ایک نظر
اجنکیا رہانے نے اپنے 12 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹس میں عمدہ خدمات انجام دیں۔
انہوں نے 85 ٹیسٹ، 90 ون ڈے انٹرنیشنل اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، جبکہ ان کا آخری بین الاقوامی مقابلہ جولائی 2023 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ تھا۔
رہانے کے کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ 2021-2020 میں آسٹریلیا کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز کی فتح رہی۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں بھارت کی ٹیم صرف 36 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد شدید دباؤ کا شکار تھی، جبکہ مستقل کپتان ویرات کوہلی ذاتی وجوہات کی بنا پر وطن واپس لوٹ گئے تھے۔ ایسے نازک موقع پر اجنکیا رہانے نے قیادت سنبھالی، میلبورن ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کی اور ٹیم کو 1-2 سے تاریخی سیریز فتح دلائی، جسے بھارتی کرکٹ کی عظیم کامیابیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
بھارتی وکٹ کیپر کے ایس بھرت نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 5 ہزار 77 رنز 38.46 کی اوسط سے بنائے، جن میں 12 سنچریاں شامل ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 2 ہزار 962 رنز اسکور کیے، جن میں 3 سنچریاں شامل تھیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کے نام 375 رنز درج ہیں۔ رہانے نے بھارت کی چھ ٹیسٹ میچز میں قیادت کی، جن میں چار میں کامیابی حاصل کی جبکہ دو میچ ڈرا ہوئے۔
