اوکاڑہ: پنجاب اسمبلی کی نومنتخب رکن جگنو محسن نے اپنی آزاد حیثیت قائم رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گی تاہم اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ اکثریتی پارٹی کو ڈالیں گی۔
بدھ کے روز ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پنجاب میں مستحکم اور مثبت حکومت بنے، ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی کئی ارکان اسمبلی اپنی آزاد حثیت سے پارلیمنٹ کا حصہ رہے ہیں، وہ بھی اسی طرز پر اسمبلی میں اپنا کردار ادا کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔
جگنو محسن مشہور ٹی وی اینکر اور پاکستان کرکٹ پورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کی اہلیہ ہیں اور اوکاڑہ کی نشست PP-184 سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہوئی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف نے آزاد ارکان کی شمولیت اور مخصوص نشستیں ملا کر اپنے ارکان کی تعداد ایک سو اٹھتر ہونے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ اسے ق لیگ کے سات ارکان کی حمایت بھی حاصل ہے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز کی 29 مخصوص نسشتیں ملا کر بھی ارکان پنجاب اسمبلی کی تعداد 160 تک ہی پہنچ سکی ہے، اس بات کا قوی امکان ہے کہ نواز لیگ مرکز کی طرح پنجاب میں بھی اپوزیشن بنچوں پر ہی بیٹھے گی۔