واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف کی اعلیٰ انتظامیہ سے ملاقاتوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی اعلیٰ انتظامیہ سے اہم ملاقاتیں کیں۔ جن میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحاتی پروگراموں اور مستقبل کے اقتصادی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ڈین کٹز، نائجل کلارک، جہاد ازعور اور ایوا پیٹرووا سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) پروگراموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف حکام کو ملک کی بہتر ہوتی مالی صورتحال، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور ریکارڈ ترسیلات زر سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری کے عمل اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹ میں پاکستان کی واپسی پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقاتوں میں نجی شعبے کی قیادت میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی، ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل مزید مہنگا کر دیا
وزیر خزانہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد اور اس کی کامیابی کا اعتراف کرنے پر آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت کے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور طویل المدتی معاشی اصلاحات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
