ساؤتھ ایئر نے کراچی سے ڈومیسٹک پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق ساؤتھ ایئر نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے باقاعدہ ڈومیسٹک پروازوں کا آغاز کر دیا ہے، جس سے ملک کے مختلف شہروں کے درمیان فضائی رابطوں میں مزید بہتری آئے گی۔
پی اے اے کے مطابق ساؤتھ ایئر نے کراچی سے کوئٹہ (بذریعہ تربت) اور اسلام آباد (بذریعہ بہاولپور) کے لیے پروازیں شروع کر دی ہیں، تربت کے لیے فلائٹ Z8911 جبکہ بہاولپور کے لیے فلائٹ Z8942 آج صبح اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئیں۔
ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ساؤتھ ایئر کی یہ پروازیں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے ڈومیسٹک فلائٹ نیٹ ورک میں اہم اضافہ ہیں، ایئرلائن تربت روٹ پر ہفتہ وار ایک جبکہ بہاولپور روٹ پر ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کرے گی۔
ساؤتھ ایئر کراچی سے پشاور، رحیم یار خان، سکھر اور گوادر کے لیے بھی پروازیں چلائے گی، جس سے اندرونِ ملک سفری سہولیات میں مزید وسعت آئے گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹی پی آر آئی لائسنس کے تحت شروع کی جانے والی نئی فضائی سروسز سے ملک بھر میں سیاحت، تجارت اور فضائی رابطوں کو فروغ ملے گا جبکہ مسافروں کو مزید سفری سہولیات اور متبادل سفری آپشنز میسر آئیں گے۔
سونے کی قیمت میں اضافہ، فی تولہ نرخ کیا ہو گئے؟
ساؤتھ ائیر نے اپنی سروس کا آغاز جدید اے ٹی آر 72-600 طیاروں سے کیا ہے جو کم فاصلے اور درمیانے درجے کی پروازوں کے لیے ایندھن کی بچت، مؤثر کارکردگی اور بین الاقوامی حفاظتی معیارات پر پورا اترنے کے باعث دنیا بھر میں استعمال کئے جاتے ہیں۔
ساؤتھ ائیر کی چیف ایگزیکٹو افسر نشاط فاطمہ کا کہنا تھا کہ کمپنی مستقبل قریب میں اپنے فضائی بیڑے اور روٹس کے نیٹ ورک میں مزید توسیع کرے گی تاکہ ملک کے زیادہ سے زیادہ شہر جدید فضائی سفری سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں۔
