پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی اور آئندہ ہفتے متوقع تیز بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا امکان ہے۔ جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
الرٹ کے تحت اپر و لوئر چترال، سوات، بحرین، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے، حساس گلیشیائی علاقوں میں ہائی الرٹ رہنے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو اداروں، مشینری اور ہنگامی عملے کو ہر وقت تیار رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت آگاہ کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
ادارے نے سیاحوں اور مقامی افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دریا، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں کے قریب جانے سے احتراز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کا نومبر میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکیسن مہم شروع کرنیکا فیصلہ
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران برساتی ندی نالوں اور تیز بہاؤ والے پانی کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
