بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے انتقال کے بعد ان کی اہلیہ اور اداکارہ ہیما مالنی نے پہلی بار ان کے آخری پیغام سے متعلق جذباتی انکشاف کیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ہیما مالنی نے کہا کہ دھرمیندر نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں انہیں ایک ہی بات بار بار کہی تھی کہ خاندان کے ساتھ مل کر رہنا، ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ نبھانا۔
ہیما مالنی کا کہنا تھا کہ دھرمیندر کی سب سے بڑی خواہش یہی تھی کہ ان کے تمام بچے اور خاندان کے افراد مل جل کر ایک ساتھ رہیں، انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی دھرمیندر کی اس بات کو اپنی زندگی کا اہم اصول سمجھتی ہیں اور پوری کوشش کرتی ہیں کہ خاندان میں ہمیشہ ہم آہنگی برقرار رہے۔
انہوں نے دھرمیندر کی پہلی شادی سے ہونے والے بیٹوں، سنی دیول اور بوبی دیول، کے بارے میں بھی مثبت انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نہایت اچھے بیٹے ہیں اور خاندان کے تمام افراد ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔
ہیما مالنی نے ان افواہوں کو بھی مسترد کیا جن میں ان کے اور دھرمیندر کی پہلی بیوی کے درمیان اختلافات کا دعویٰ کیا جاتا رہا، ان کا کہنا تھا کہ لوگ مختلف باتیں بناتے رہتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ پورا خاندان ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط رشتے میں بندھا ہوا ہے اور وہ غیر ضروری تشہیر پر یقین نہیں رکھتے۔
دھرمیندر اور ہیما مالنی کی پہلی ملاقات 1960 کی دہائی کے آخر میں ایک ساتھ فلموں میں کام کرتے ہوئے ہوئی اور ان کی آن اسکرین شاندار کیمسٹری جلد ہی حقیقی زندگی کی محبت میں بدل گئی اور یہ محبت اس وقت خاصی موضوعِ بحث بنی کیونکہ دھرمیندر پہلے ہی شادی شدہ تھے اور ان کی پہلی اہلیہ پرکاش کور سے ان کے چار بچے تھے۔ اس کے باوجود دونوں نے 1980 میں شادی کرلی۔
متنازعہ ٹوئٹس کا معاملہ: یوٹیوبر رضی طاہر کی بعد ازگرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد
شادی کے بعد ان کے ہاں دو بیٹیاں، ایشا دیول اور آہنا دیول پیدا ہوئیں جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ یہ جوڑی بھارتی فلم انڈسٹری کی سب سے مقبول اور کامیاب جوڑیوں میں شمار ہونے لگی۔
یاد رہے کہ دھرمیندر کا انتقال گزشتہ برس 89 برس کی عمر میں ہوا تھا، وہ بھارتی فلم انڈسٹری کے مقبول ترین اداکاروں میں شمار ہوتے تھے اور چھ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنے کیریئر میں تین سو سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
