لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے 40 سال بعد مینارِ پاکستان لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
پارٹی قیادت کے مطابق 25 جولائی کو مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں تاریخی کنونشن اور جلسہ منعقد ہوگا جبکہ پروگرام 25 اور 26 جولائی کی درمیانی شب تک جاری رہے گا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر نے کہا کہ آخری مرتبہ 10 اپریل 1986 کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے مینارِ پاکستان پر تاریخی جلسے سے خطاب کیا تھا، جس کے بعد اب تقریباً چار دہائیوں بعد پارٹی دوبارہ اسی مقام پر عوامی اجتماع منعقد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کا جلسہ پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کا اہم سنگِ میل ہوگا، جس میں کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
فیصل میر نے کہا کہ جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے خصوصی ترانہ بھی جاری کر دیا ہے جبکہ لاہور میں تنظیمی سرگرمیوں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے 10 اپریل 1986ء کو مینار پاکستان لاہور میں ایک تاریخی اور یادگار جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔ یہ جلسہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی جلاوطنی ختم کرکے وطن واپسی کے موقع پر ان کے استقبال کے لیے منعقد کیا گیا تھا، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی تھی۔
وفاقی کابینہ نے حج پالیسی کی منظوری دے دی، حج سیونگ اسکیم، مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
بے نظیر بھٹو 10 اپریل 1986ء کو لاہور پہنچیں جہاں ہوائی اڈے سے مینارِ پاکستان تک کے راستے میں عوام کا جم غفیر موجود تھا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع تھا ۔
اس استقبالی جلوس میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے کہ ایئرپورٹ سے مینار پاکستان تک کا سفر طے کرنے میں بے نظیر بھٹو کو کئی گھنٹے لگ گئے تھے۔
