بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان اور ان کی شریکِ حیات بننے والی گوری اسپرٹ نے اپنی شادی کی تقریب سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے اسے انتہائی سادہ اور نجی رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان اور گوری اسپرٹ 5 جولائی کو ممبئی میں اپنے گھر پر قریبی اہلِ خانہ اور چند قریبی دوستوں کی موجودگی میں شادی کریں گے۔ دونوں نے فیصلہ کیا ہے کہ شادی کے بعد کسی قسم کا شاندار استقبالیہ بھی منعقد نہیں کیا جائے گا۔
عامر خان نے حالیہ گفتگو میں تصدیق کی کہ وہ اور گوری اسپرٹ اپنی زندگی کے اس اہم موقع کو سادگی سے منانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تقریب کو نجی رکھنا چاہتے ہیں اور صرف اپنے عزیز و اقارب کی موجودگی میں نکاح کی رسم ادا کریں گے، جبکہ مداحوں سے اپنی نئی زندگی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب عامر خان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ پر ہوگی، جہاں صرف خاندان کے افراد اور چند قریبی دوست شریک ہوں گے۔ اس بار نہ تو کسی بڑے ہوٹل میں تقریب ہوگی اور نہ ہی فلمی شخصیات کے لیے الگ استقبالیہ رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ عامر خان نے مارچ 2025 میں اپنی ساٹھویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری اسپرٹ کے ساتھ اپنے تعلقات کو عوامی طور پر تسلیم کیا تھا۔ دونوں گزشتہ دو برس سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں ہیں اور اب شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔ یہ عامر خان کی تیسری شادی ہوگی۔
بعدازاں مختلف انٹرویوز میں عامر خان نے انکشاف کیا کہ ان کی اور گوری اسپرٹ کی ملاقات خاندانی روابط کے ذریعے ہوئی تھی، جو وقت کے ساتھ ایک مضبوط رشتے میں بدل گئی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دونوں اپنے تعلق کو شادی کا نام دینا چاہتے ہیں۔ عامر خان کے مطابق وہ جذباتی طور پر خود کو پہلے ہی گوری کا شریکِ حیات سمجھتے ہیں، جبکہ شادی ان کے رشتے کو قانونی اور رسمی حیثیت دینے کا ایک اہم مرحلہ ہوگی۔
