اداکارہ اور ٹی وی میزبان جگن کاظم نے مری سے نتھیا گلی جانے والے ہائیکنگ ٹریکس پر پھیلائی گئی گندگی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیاحوں کے رویے پر تنقید کی ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں جگن کاظم نے راستوں پر بکھری پلاسٹک بوتلوں اور ریپرز کی نشاندہی کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ لوگ ملک کے حالات پر شکایت تو کرتے ہیں، مگر اپنی ذمہ داری کیوں نہیں نبھاتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اکثر پوچھتے ہیں کہ ملک کا کیا بنے گا، حالات کیسے بہتر ہوں گے، مگر جب ہم خود صفائی کا خیال نہیں رکھتے تو بہتری کیسے ممکن ہے۔
جگن کاظم نے مزید کہا کہ وہ عام طور پر سخت زبان استعمال نہیں کرتیں، لیکن اس صورتحال نے انہیں واضح انداز میں بات کرنے پر مجبور کیا۔ ان کے مطابق آلودگی نہ صرف ماحول کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ موسمی تبدیلیوں میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ ہم خود ہی گندگی پھیلا کر موسمی بگاڑ کا سبب بن رہے ہیں، جہاں گرمیوں میں ژالہ باری اور سردیوں میں غیر معمولی گرمی جیسے حالات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ خوبصورت مقامات سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ان کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جہاں جائیں وہاں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور اپنا کچرا خود ساتھ لے جائیں۔
ان کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی، جہاں کئی افراد نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحتی مقامات پر صفائی برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ بعض صارفین نے حکام سے جرمانے عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
راسخ اسماعیل نامی ایک صارف نے اداکارہ کی ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ ہمارے لوگوں میں سماجی شعور اور خوداحتسابی کی شدید کمی ہے۔ انہوں نے جگن کاظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا سے اس بارے میں آگاہی پھیلانے اور لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی۔
