دھاندلی کی شکایات موصول نہیں ہوئی ہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن


اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان بابر یعقوب نے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی دھاندلی کی شکایات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ آرٹی ایس سسٹم توقعات پر پورا نہیں اترا۔

ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2008 کے الیکشن نتائج میں 50 گھنٹے لگے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تک 82 فیصد نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ریٹرننگ افسران 90 فیصد رزلٹ کا اعلان کرچکے ہیں اورقومی اسمبلی کے 120 حلقوں کے نتائج مل چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان سے بھی 60 حلقوں کے نتائج مل گئے ہیں۔

بابر یعقوب نے کہا کہ ملک بھر میں انتخابات پرامن ہوئے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیاکہ کچھ شکایات ہمیں موصول ہوئی ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پریزائڈنگ آفیسر کی طرف سے فارم 45 کی کاپیاں دی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر سست روی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

سوشل میڈیا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بوگس ووٹنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے پاکستان مسلح افواج کے جوانوں کے رویے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوجی جوانوں کا رویہ مثالی رہا۔


متعلقہ خبریں