سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (شیڈ) نے اپنے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹریٹجک پلاننگ کے تحت صوبے بھر کے یونیورسٹی طلبہ کے لیے اسکالرشپ پر مبنی بلاک چین اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
‘سندھ بلاک چین اسکلز ڈویلپمنٹ انیشیٹو’ کے تحت سندھ ایچ ای سی منتخب طلبہ کو 85 فیصد اسکالرشپ فراہم کرے گی، جس کے بعد طلبہ کو مجموعی طور پر 33,300 روپے کے اس پروگرام کے لیے اپنی جیب سے صرف 5,000 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
پروگرام کے اعلامیے کے مطابق اس تربیتی پروگرام کے لیے سندھ کی چار ممتاز جامعات کو پارٹنر اداروں کے طور پر منتخب کیا گیا ہے جن میں این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشور و اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی شامل ہیں۔
اس اقدام کے تحت صوبے بھر سے 160 طلبہ کو منتخب کر کے بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل جدت طرازی میں عملی اور انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس تربیتی نصاب میں بلاک چین کے بنیادی اصول، بلاک چین سیکیورٹی، ڈی سینٹرلائزڈ ایپلی کیشنز، کرپٹو کرنسی، اسمارٹ کانٹریکٹس اور اسمارٹ کانٹریکٹ ڈویلپمنٹ کی عملی تربیت شامل ہے۔
