حکومت سازی: عمران خان نے پارٹی قیادت کو طلب کر لیا


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مشاورت کے لیے ملک بھر سے پارٹی رہنماؤں کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق عمران خان حکومت سازی کی تشکیل کے سلسلے میں جمعرات 26 جولائی کو تمام پارٹی رہنماؤں سے بنی گالا میں مشاورت کریں گے اور اجلاس کے بعد دن دو بجے عمران خان حکومت سازی پر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے پنجاب میں حکومت سازی کے لیے رابطے  تیز کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے،  آزاد امیدواروں سے فوری رابطے کے لیے پارٹی رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، تحریک انصاف کے رہنما علیم خان لاہور کے انتخابی نتائج مکمل ہوتے ہی اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔

انتخابی نتائج میں واضح برتری کے بعد تحریک انصاف کی قیادت نے ملک بھر میں مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا ہے، تحریک انصاف کی جانب سے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے ردعمل کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں