چلاس (حسین احمد) گلگت بلتستان میں کل ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں امن و امان کی صورتحال اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دیامر لیفٹیننٹ (ر) محمد اویس نے ضلع بھر میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ آرڈر کے تحت دیامر کی حدود میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ، پٹاخوں کے استعمال، ڈرونز، کواڈ کوپٹرز اور بغیر پائلٹ کے اڑنے والے طیاروں (UAVs) پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
تحریری این او سی (NOC) کے بغیر ڈرون اڑانے یا اسلحہ ساتھ رکھنے پر سخت کارروائی ہو گی۔ یہ احکامات اگلے 60 دنوں تک برقرار رہیں گے، تاہم آفیشل ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیامر کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی ایمز کو چلاس، داریل اور تانگیر میں اس کی وسیع تشہیر کا حکم دیا گیا ہے۔ اس آرڈر کی کاپی الیکشن سیل، متعلقہ ریٹرننگ افسران اور صوبائی الیکشن کمشنر جی بی کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے تحت رات 12 بجے سے انتخابی مہم مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے اور اب سیاسی جماعتیں اور امیدوار پولنگ کے دن کے لیے حتمی تیاریوں میں مصروف ہیں، جبکہ دوسرے شہروں میں مقیم دیامر کے شہریوں کو ووٹ کاسٹ کروانے کے لیے لانے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انتخابات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پنجاب پولیس کے 5 ہزار جوانوں کا عملہ بھی گلگت بلتستان پہنچ چکا ہے۔ ضلع دیامر کے 4 انتخابی حلقوں میں کل ووٹرز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 58 هزار 714 ہے، جس میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 81 ہزار 655 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 77 ہزار 059 ہے۔
چاروں حلقوں میں مجموعی طور پر 174 پولنگ اسٹیشنز اور 380 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 119 کو انتہائی حساس، 22 کو حساس اور 33 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
انتخابی حلقوں کے تفصیلی اعداد و شمار کے مطابق، حلقہ جی بی اے 15 دیامر 1 (چلاس) میں کل ووٹرز کی تعداد 44 ہزار 526 ہے اور یہاں قائم 52 پولنگ اسٹیشنز میں سے 22 انتہائی حساس، 12 حساس اور 18 نارمل ہیں۔ حلقہ جی بی اے 16 دیامر 2 (چلاس) میں سب سے زیادہ 46 ہزار 282 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جہاں کل 44 پولنگ اسٹیشنز میں سے 19 انتہائی حساس اور 10 حساس قرار دیے گئے ہیں۔
حلقہ جی بی اے 17 دیامر 3 (داریل) میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 41 ہزار 045 ہے اور یہاں کے تمام 46 پولنگ اسٹیشنز کو “انتہائی حساس” قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح حلقہ جی بی اے 18 دیامر 4 (تانگیر) میں ووٹرز کی کل تعداد 26 ہزار 861 ہے اور اس حلقے کے بھی تمام 32 پولنگ اسٹیشنز کو “انتہائی حساس” قرار دے دیا گیا ہے۔
